31 دسمبر 2023

کنٹسوگی۔ طریقہ کار


پہلے ہم سارے ٹکڑے چنیں گے
ٹکروں کو صحیح مقام پر دھرنا بہتر رہے گا 
یہاں ہم زخموں میں سنہرا سیال بھرتے ہیں 
اور یہ وہ دل ہے جس پر ہم یہ مشق کریں گے 
مکرر۔ پیہم۔ نہیں کھیل نہیں ہے ریاضت ہے 
ڈرو مت۔ یہ جتنا زیادہ بکھرے گا 
اتنا ہی خوبصورت جڑے گا۔

 

29 دسمبر 2023

برفباری

برفباری شروع نہیں ہوئی 
لیکن آسمان دیکھ کر لگ رہا ہے 
بے داغ سفیدی جلد ہی گزرے دنوں کی 
کوتاہیوں کو اپنی بے غرض سخاوت میں چھپا لے گی 

28 دسمبر 2023

آپکا ووٹ۔ آپکی مرضی

دو ہزار چوبیس کو الیکشن کا عالمی سال قرار دیا جاسکتا ہے۔ دنیا کی آبادی کا انچاس فیصد حصہ ان انتخابات کا حصہ ہوگا۔ پاکستان، امیریکہ اور یورپی یونین کے علاوہ باسٹھ دوسرے ممالک جمہوریت کی کسی نہ کسی شکل کی اقامت میں مصروف ہونگے۔ اور اس دوران لوگ سیاسی دھاندلیوں،حادثاتی اموات، محلاتی سازشوں، بدیسی ہاتھوں اور انتخابی جمہوریت کی دیگر بدصورتیوں کو سہتے ایک طویل سال کے اختتام پر سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں انسانی معاشرے کی تنظیم کا کوئی بہتر طریقہ اب تک کیوں میسر نہیں آیا۔ 

27 دسمبر 2023

غالب۔ میں نہ اچھا ہوا برا نہ ہوا

درد منت کشِ دوا نہ ہوا
میں نہ اچھا ہوا بُرا نہ ہوا
جمع کرتے ہو کیوں رقیبوں کو
اک تماشا ہوا گِلانہ ہوا
ہم کہاں قسمت آزمانے جائیں 
تو ہی جب خنجر آزما نہ ہوا

چلو الوداع کہتے ہیں دسمبرکو



چلو الوداع کہتے ہیں دسمبر کو

تمنا سے تہی اونگھتے دنوں کو

آؤ اپنے اپنے بچھڑے ہوؤں کی یادوں کو

 جلتی کشتیوں پر رکھ کر سمندر میں بہاتے ہیں

آؤ خواہشوں کی تربت پر اگتی نئی کونپلوں کو 

آنسوؤں سے آبیار کرتے ہیں

خوابوں کی خاک سے چہرہ پونچھو۔  پھر سجدہ شوق میں

 سر رکھتے ہیں کچھ دیر تک۔ مانگتے ہیں آرزو کی زندگی کی دعا

خاموش دریچوں اور دروں پر بے اعتنائی کی کاہی جم چلی ہے

پرانے راستے پر مکڑیوں کے دھاگوں کی 

نازک کڑھائیاں پھیلی ہوئی ہیں

اور میں لفظوں کے ریشم میں الجھ چکی ہوں

 

24 دسمبر 2023

قطب نما

دسمبر کی آخری راتیں شائد سفر نصیب ہیں 
اور ہم نے بے پتوار کشتی منتخب کی ہے 

21 دسمبر 2023

بڑا بدمعاش

دوہزارچودہ میں امیریکہ میں سی ڈی سی اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پہلی مرتبہ بلی انگ کو سرکاری طور پر ایسے ڈیفائن کیا تھا:
bullying
 ایک ایسا جارحانہ رویہ۔ جس میں طاقت کا عدم توازن واضح طور پر پایا جائے۔ اسے مخالف کو نقصان پہنچانے کی نیت سے مسلسل دوہرایا جائے۔ یہ جسمانی، نفسیاتی، سماجی، اور تعلیمی نقصان پر مشتمل ہو سکتا ہے ۔ سی ڈی سی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بارہ سے اٹھارہ سال کے درمیان بیس فیصد طالب علم اس کا شکار ہیں۔

14 دسمبر 2023

فانجنگ شان



وولنگ پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی فانجنگ شان جو نیو گولڈن سمٹ بھی کہلاتی ہےسطح سمندر سے تئیس ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اچھے موسم آنے والے اکثر سیاح اتفاق کرتے ہیں کہ دنیا میں اس سے بہتر نظارہ نہیں ہے۔ چوٹی تک پہنچنے کا راستہ تین چار حصوں پر مشتمل ہے جن میں ابتدائی حصہ بس کے ذریعے طے ہوتا ہے اور اس کے بعد کیبل کار یا پیدل ٹریلز ہیں۔ جو عرف عام میں مشہور مشروم چٹان تک لے جاتی ہیں۔ یہ قدرتی طور پر بنی غیر معمولی چٹانی اشکال ہیں جو صدیوں سے اسی ہئیت میں ایستادہ ہیں۔ 

13 دسمبر 2023

پرانی کہانی

آج کچھ بھی نیا نہیں ہے
گو میں نے خود لکھی ہے یہ کہانی 
لیکن بیانیہ میرا نہیں ہے

06 دسمبر 2023

سوچیں

سوچیں گدھ بن گئی ہیں
اس جہاں فانی سے گزر چکے لمحوں کی 
نہ دفنائی ہوئی لاشوں پر دائروں میں منڈلاتی رہتی ہیں 

26 نومبر 2023

ہالیکالا نیشنل پارک


ہالیکالا نیشنل پارک ماوئی کی بلند ترین چوٹی ہے جو سطح سمندر سے قریبا دس ہزار فٹ بلند ہے۔ طلوع آفتاب یہاں کا سب سے خوبصورت نظارہ ہونے کی وجہ سے تم کہ  "سورج کا گھر" نامی یہ چوٹی اسم بامسمیٰ ہے۔ لیکن اکثر سیاح اس سفر کو محض سویرے کے دھانی بنفشی رنگوں کی خوبصورتی کی توقع سے وابستہ کرنے کی غلطی کرتے ہیں۔ کیونکہ خوبصورت دھوپ سے مرصع جزیرے کی وادی ہالیکالا کی ڈھلوانوں پر چڑھتے ہوئے  درجہ حرارت بتدریج یوں گرتا ہے کہ بالائی سطح تمہارا واسطہ عموما یخ بستہ ہواؤں اور بادلوں کے بگولے  سے پڑتا ہے۔ ویسے بھی نظارے کی بکنگ کے وقت موسم کی صحیح پیشین گوئی ممکن نہیں ہے۔ 

24 نومبر 2023

جیوزائیگو ویلی


چینی وادی جیوزائیگو اپنی ناقابل یقین خوبصورتی کی وجہ سے اس دنیا سے ماوورا جگہ محسوس ہوتی ہے۔ ایک ہی وادی میں تمہیں جادوئی جنگلات دلکش ٓابشاریں اور شفاف جھیلیں دکھائی دیں گی۔ آس پاس کے رنگوں اور ساتھ ہی پانی میں مخصوص قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے یہ جھیلیں رنگوں کا ایک مرقع دکھائی دیتی ہیں۔ کئی جگہ پر تہ در تہ بہتی آبشاریں موسم کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کردیتی ہیں۔ مارکیٹنگ کی تصاویر کی وجہ سے یہ ویلی سیاحوں میں کچھ اور بھی مقبول ہو چکی ہے۔  مختلف ٹریلز تین جانب جاتی ہیں جو اپنی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اطراف کے قصبات کو بھی قریب سے دیکھنے میں مددگار ہیں جن میں انسانی تاریخ و تمدن اپنی مختلف شکلوں میں ہماری توجہ جذب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پھر یہاں بہت سے نایاب جانور۔ مختلف قسم کے بندر اور دیوہیکل پانڈا کی کچھ اقسام بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ 

19 نومبر 2023

مشترکہ دشمن


مشہور مقولہ ہے کسی بھی گروہ کو منظم کرنے کے لیے مشترکہ دشمن سب سے زیادہ کارآمد ہے۔ ہمارے ہاں اسےعموما بیرونی ہاتھ کا نام دیا جاتا ہے۔ اصل میں نیشن سٹیٹس کے ساتھ مسئلہ یہی ہے اپنے اپنے کنوؤں کی عالیشانگی کے لیے ایک عدد بیرونی ہاتھ پیدا کرنا ہی پڑتا ہے۔ کیونکہ بیرونی ہاتھ کی غیر موجودگی میں ریاست کااتحاد پارہ پارہ ہونے لگتا ہے۔ لوگوں میں عمل کی ڈرائیو کم ہو جاتی ہے، ان کے حوصلے کمزور پڑنے لگتے ہیں اور ترجیحات بدلنے لگتی ہیں۔ وہ بیرونی ہاتھوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔ ایک وشیس سرکل ہے ۔،

انتخاب۔ ترجمہ

تم انتخاب کرتے ہو۔. 
انتخاب؟ 
دنیا میں گرنے کا۔ 
تم یہ جست لگاتےہو۔ 

17 نومبر 2023

گم شدہ

میں گم شدہ ہوں اپنے شہر میں جو کہ سوچیں ہیں
تم روز مجھے گلی کوچوں سے ڈھونڈ لاتے ہو 
نہلا دھلا کر صاف کپڑے پہنا کر ساتھ بٹھا کر کھانا کھلا کر 
مجھے بتانے کی سرتوڑ کوشش کر تے ہو 

سفر

دن مختصر ہیں 
راتیں مختصر تر 
سفر ایک ہی لمبا ہے 
دید سے دید تک

going crazy

but how
but how
but how
what

احساس

معلوم نہیں میرے احساسات شدت پسند کیوں نہیں ہیں
ورنہ کب کے درد کے بے تکے ہنگام سے تنگ آکر خود کو مار دیتے 
سبھی ساکت رہیں گے
یوں جیسے کسی تہ خانے میں بہت سے بے گھر
سانجھے تکیوں پر سر ٹکائے گہری نیند سو رہے ہوں



کیلنڈر

محبت میں یوں تو بس دو ہی موسم ہوتے ہیں
ایک طویل ہجر اور انتظار کا موسم 
ایک مختصر سا وصال کا موسم 
تیسرا کوئی موسم محبت کے کیلنڈر میں نہیں ہوتا 

ٹریننگ

تمہاری آنکھین چمکنا شروع ہوگئی ہیں 
اور تمہارے لب مسکرانا سیکھ گئے ہیں 
چلو تمہں بہت دور کسی گم شدہ جزیرے پرچھوڑ آئیں 
دیکھنا ہے کہ تم گھر واپسی کا راستہ 
تلاش کرنا سیکھی ہو یا نہیں 
یہ آخری مگر بہت اہم سبق ہے۔


16 نومبر 2023

مونٹیورڈے کلاؤڈ فاریسٹ



بادلوں کا جنگل یا ابر ٓلود جنگلات کل دنیا کے جنگلات کا تقریباً ایک فیصد کا احاطہ کرتے ہیں۔ بہت سے ملکوں میں یہ نایاب جنگلات ٹروپیکل یا اس کی ذیلی فضا میں پائے جاتے ہیں جس کی وجہ دھند کا بادلوں کی شکل میں جنگل کے اوپری حصہ میں منڈلاناہے۔ گھنے سبزے کی وجہ جب سورج کی حدت صرف بالائی حد تک ہی رہتی ہے جو بخارات کو بھی سست رفتار بناتی ہے۔ ٹروپیکل جنگلات میں یہی دیرپا نمی اور خوشگوار درجہ حرارت دوسرے فطری عوامل کے ساتھ ملکر ان مقامات کے منفرد اور خوبصورت حیاتیاتی تنوع کا بھی باعث ہے۔ گہری اتری دھند، گھنے جھنڈ، اور نایاب پرندوں کی پراسرار آواز۔ 

13 نومبر 2023

شائد

Free Nature Tree photo and picture

کہرے میں تاروں سے لمبی باتیں 
دھندلے سویرے سے یہ ملاقاتیں 
بن بات مسگراتے رہنا 
یونہی بے سرا گنگناتے رہنا 
سب کو لگتا ہے مجھ کو شائد 
دسمبر کی تنہا رت خوش آگئی ہے



29 اکتوبر 2023

مفلسی

ایک دیہاڑی دار مزدور کی طرح
دس بیس اینٹیں ٹوکرے میں بھر بھر 
ان مختصر مکانوں کی تعمیر میں
تمام دن بسر کرکے گھر واپسی کے راستے پر
تمہارے اظہار کے آئینہ خانوں میں 
توانگر محبت کو بے فکر لفظوں ۔
صد رنگ خیالوں سے کھیلتا دیکھ کر
مجھے اپنی بنائی کوٹھریوں میں رہنے والے
مکینوں کی مفلس بے چارگی پر ترس آجاتا ہے۔

 

25 اکتوبر 2023

مدارت


نئی تحریریں ایک طرز مدارت ہیں اس نگر میں
لکھنے والے اپنے مہمان کو
اس سے بڑھ کر اور  کیا  پیش کرتے؟۔

سوچیں

پہلے پرانے درازوں میں ادھوری بے چاری سی پڑی تھیں
اب صوفوں پر نئے کپڑے پہنے بیٹھیں ہیں۔
خود کو قیمتی سمجھنے لگی ہیں
غلط صحبت کا اثر ہے
صبح کی روشنی سے سیکھا ہے یہ نیا کرتب
ہر موجود خالی جگہ کو پر کردینا


24 اکتوبر 2023

خوبصورتی

"اور کہانی کی اچھی بات یہ ہے کہ اسے کسی بھی نقطے سے شروع کیا جا سکتا ہے، اسے کسی بھی موضوع پر لکھا جا سکتا ہے۔ نہ تو پلاٹ کا حیرت انگیز ہونا ضروری ہے نہ ہی کہانی کا مربوط۔ کرداروں کا حقیقی اور جاندار ہونا اضافی ہے، گفتگو کا بامعنی و مدلل ھونا بےکار ہے۔۔ کسی فرضی سائنسی تھیوری، بوڑھے سیاستدان، خوبصورت لڑکی کو بنیاد بنا کر لمبی کہانی لکھی جاسکتی ہے۔"

23 اکتوبر 2023

یاکوشیما نیشنل پارک



جاپان کا یاکوشیما نیشنل پارک دو حصوں پر مشتمل ہے۔ ایک حصے میں ایکٹو آتش فشاں ہیں۔ اور دوسرا قدیم درختوں اور پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے۔ یہ دوسرا حصہ  جس کو یاکوشیما ہی کہتے ہیں پریوں کی کہانیوں کی طرح خوبصورت اور سرسبز ہے۔مسلسل بارشوں کی وجہ سے بیشتر حصے میں چھوٹے ندی نالے بکثرت ہیں۔ گرینائٹ کی چٹانوں کے گرد پتھروں پر کائی گہرے سبزے کی طرح جمی ہے۔

20 اکتوبر 2023

ہزاروں کا مجمع

  Thousands Gather

اپنے اپنے نامزد مسیحاؤں کو لکھ کر پوچھو 
“ کیا تم خدا کے ساتھ مل کر ہماری خاطر ہماری جنگ لڑو گے ؟” 
مگر ہمارے مسیحا جانتے ہیں طاقت صرف خدا کے ہاتھ میں ہے 

15 اکتوبر 2023

متروك

مجھے یقین ہے میرے گھڑیال کے گھنٹے بے ترتیب ہوچکے ہیں 
اور بہت دنوں سے میں غلط کتابوں کا مطالعہ کر رہی ہوں 
جن میں انجانے جذبوں کے بارے میں غیر حقیقی باتیں لکھی ہوئی ہیں 

10 اکتوبر 2023

گلوبل۔وار۔منگ

شروع میں تو زمینی آفات و ماحولیاتی اتار چڑھاؤ کی ذمہ داری سائنسدان زیادہ تر تلون مزاج شہاب ثاقب یا سورج کے کسی بڑے آتش فشاں پھٹنے وغیرہ پر ڈالتے رہے ۔۔لیکن وقت گزرنے کے ساتھ بدلتے موسموں میں سبھی کو انسانی ہاتھ نظر آنا شروع ہوگیا ہے۔ جیسا کہ سی ایم سی سی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے ایک چنگاری جنگل کو جلانے کے لیے کافی نہیں ہوتی۔ جنگل میں اتنی بڑی آگ بھڑکنے کے لیے درجہ حرارت کی زیادتی۔ بارشوں کی کمی، خشکی سالی۔ درختوں پودوں گھاس وغیرہ کا سوکھا پن بہت سے عوامل مل کر کام کرتے ہیں۔ اکثر و بیشتر جنگلی حیات جلنے سے پہلے ہی مردہ ہو کر اتنی خشک ہوچکی ہوتی ہے کہ کسی بھی شدید گرم دن آگ پکڑنا عین ممکن ہوجاتا ہے۔ پہلے سمجھا جاتا کہ لوگوں کی لاپرواہی اس کی ذمہ دار ہے لیکن نئے ڈیٹا ٹرینڈ میں یہ واضح ہے کہ گو ان حادثات کی ابتدا کی شرح کم ہے مگر پھیلاؤ زیادہ اور قابو پانا اتنا ہی ناممکن۔ 

08 اکتوبر 2023

Dr. Martin Luther King, Jr.: A Quotation

[Dr. King On the Parable of the Good Samaritan]

"One day a man came to Jesus; and he wanted to raise some questions about some vital matters in life. At points, he wanted to trick Jesus, and show him that he knew a little more than Jesus knew, and through this, throw him off base. Now that question could have easily ended up in a philosophical and theological debate. But Jesus immediately pulled that question from mid-air, and placed it on a dangerous curve between Jerusalem and Jericho.

شہر نامہ

مرے بسملوں کی قناعتیں
جو بڑھائیں ظلم کے حوصلے
مرے آہوؤں کا چکیدہ خوں
جو شکاریوں کو سراغ دے
مری عدل گاہوں کی مصلحت

06 اکتوبر 2023

"پہلی بات ہی آخری تھی"

میں نے آج کچھ بھی نہیں لکھا۔
کل سے آسمان پر کوئی چاند ستارہ نہیں جگمگایا 
آج تو سورج بھی نہیں نکلا۔ 
پورا آسمان گدلے سفید رنگ میں رنگا ہوا ہے ۔

04 اکتوبر 2023

یہ نظمیں آئینہ نہیں ہیں

یہ نظمیں آئینہ نہیں ہیں 
کہ ان میں ہمارے جذبوں کے رخساروں پر بکھرے 
رنگوں کے عکس نکھریں
نہ ٹہرا ہوا پانی کہ گہرائی میں جھانکیں تو ہمارے ہی چہرے
اک تابندہ جھلملاہٹ کی لو میں لرز رہے ہوں 

مگر شائد آسمان سے ٹوٹ کر گرتے ستارے 


مکمل نظم کے لیے کتاب دیکھیں 

دریچوں میں جگنو

رافعہ خان

03 اکتوبر 2023

دریچوں میں جگنو

گو جگنو اندھیرے میں ہی دلکش لگتے ہیں لیکن بذاتِ خود اندھیرا ایک ڈراؤنا خواب ہے۔ روشنی کی عدم موجودگی، جذبہ و خیال کی قحط سالی وغیرہ اسی سیاہی کے وجود کے اشارے ہیں۔ اندھیروں میں ہم بہت جلد خود کو شکست خوردہ قرار دے کر ہتھیار ڈال دیتے ہیں۔ اندھیروں میں سب سے پہلے ہم اپنے خیالوں اور خوابوں اور جذبوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ اور جب وہ یکے بعد دیگرے ہمارا ساتھ چھوڑ رہے ہوتے ہیں اس وقت تاریکی ہمارے وجود میں اپنے حلیفوں کو بلا تاّمل مدعو کررہی ہوتی ہے۔ تنہائی، مایوسی، بے یقینی، تشکیک۔ اور یہ صرف آغاز ہے۔ 

Of Love and Other Demons

Of Love and Other Demons

Marquez Quote

29 ستمبر 2023

کہو کیا کہنا ہے

 ترجمہ:  آ سٹوری ود آوٹ آ بیگننگ ، مڈل اور اینڈ ۔
دسمبر ۲۰۱۹ 

۔۔۔

کہو کیا کہنا ہے
نئی منزل کا قصد ہے؟؟چلو پھر
آج صرف تمہیں سنوں گی۔ آج تمہارا دن ہے۔۔
ہاں میں یہیں ہوں۔۔ سن رہی ہوں۔  

28 ستمبر 2023

خوشی کے تعاقب کا وبائی مرض ۵

شمٹ سکیل پر ایک انچ بڑی بلٹ اینٹ کے کاٹے کو لیول فور کی درد تسلیم کرتا ہے یعنی “خالص، شدید شاندار درد “ جو جلتے کوئلوں پر پاؤں میں تین انچ کھبے کیل کے ساتھ چلنے کے مترادف ہے جو چوبیس گھنٹے رہتا ہے۔ شمٹ اس درد کو فہرست میں درد زہ سے اوپر رکھتا ہے اور اس میں جھگڑنے کی کوئی بات نہیں کیونکہ کسی عورت نے آج تک شائد اپنے خالص شاندار اور شدید درد کی تفصیلات ٹھیک سے ریکارڈ نہیں کرائیں جو شروع تو بچے کی پیدائش کے دوران ہوتا ہے

27 ستمبر 2023

چلی کے صحرائے اٹاکاما میں پھول

زمین کے سب سے زیادہ بنجر اور خشک گوشے میں یکایک پھول ہی پھول کھل جائیں تو یہ ایک قابل دید مقام بن جاتا ہے۔ چلی کے صحرائے اٹاکاما میں یہ واقعہ کبھی پانچ سات سالوں میں اکا دکا بار ہو جایا کرتا تھا لیکن بڑھتی ہوئی بارشوں کے نئے معمولات کی وجہ سے اب دنیا کا خشک ترین صحرا ہر سال ہی گلابی، ارغوانی اور پیلے نارنجی رنگوں کے قدرتی پھولوں کی تزئین سے بھرے تختوں میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ آسٹرل بہار کا یہ عجیب رجحان پھولوں والا صحرا ( ڈیزیرٹو فلوریڈو) کہلاتا ہے۔ 

26 ستمبر 2023

اللیلیساٹ آئسفرڈ ۔ گرین لینڈ


گرین لینڈ کی ویسٹ کوسٹ پر آرکٹک سرکل سے قریبا تین سو کلومیٹر شمال میں اللیلیساٹ آئسفرڈ واقع ہے جس کا لفظی ترجمہ آئس برگ ہی بنتا ہے۔ یہ ان چند گلیشیرز میں سے ہے جس کے ذریعہ گرین لینڈ کی برف پگھل کر سمندر تک پہنچتی ہے۔ ہر دم پگھلتی آئس شیٹ اور تیزی سے بہتی برفانی ندی کا اونچی چٹانوں کے بیچ سے پگھلے برفانی تودے لیے سمندر میں اترنے کا ایسا منظر یہاں گرین لینڈ کے لیے ہی مخصوص ہے جس کی وجہ سے یونیسکو نے اسے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کر دیا ہے تاکہ یہاں کی قدرتی خوبصورتی کو محفوظ کیا جائے اور ٹوٹتے پگھلتے گلیشیئر کو قریب سے دیکھنے کی رسائی بھی فراہم ہو سکے۔ 

25 ستمبر 2023

ایک سکوئر انچ خاموشی

اولمپک نیشنل پارک میں کچھ بہت ہی خوبصورت ٹریلز ہیں۔اگر تم لیک کریسنٹ کی ہائیک چنو گے تو اس میں لگا بندھا کچھ نہیں گویا ہم اپنے اڈوینچر کا انتخاب کرنے کے لیے آزاد ہیں۔ساحل تک کی لمبی واک یا طلوع آفتاب کا نظارہ دیکھنے کو اکثر سیاح یہاں تادیر رکنے کا انتخاب ضرور کرتے ہیں۔ آج یہاں سے کیپ الاوا، سٹورم کنگ پہاڑ کی ٹریل کی جانب سفر کر رہا ہوں۔ لیکن کل میں ہوہ دریا کی ٹریل پر تھا  جو پارک کے پیسفک شمال میں واقع ہے۔ 

22 ستمبر 2023

ژانگ جیاجی فارسٹ

تمہیں میں ژانگ جیاجی فارسٹ کے بارے میں بتاؤں ؟ مگر میں جو بھی بتاؤں گا حقیقت اس سے بہت الگ اور بلند و بالا ہے۔ ستونوں کی سی سیدھی کھڑی چٹانیں اپنی ہریالی میں لپٹی ایک وسیع احاطے پر پھیلی ہوئی ہیں۔ کئی لوگ ہیں جو اسے دو چار دن کی چھٹی میں پورا دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ قطاروں میں لگے ۔ اپنے اپنے نقشے اور بروشر تھامے سامنے پھیلی فطرت کو کاغذ پر چھپی مختصر تصویروں اور ناموں سے ملانے کی میچنگ گیم میں مصروف نظر آتے ہیں۔لیکن تم قدرت کے اتنی تندہی و تفصیل سے صدیوں میں بنائے شاہکار کو چند گھنٹوں میں کیسے سراہ سکتے ہو؟ اس پرہیبت حسن کا تقاضا تو یہ ہے کہ تم وقت نکال کر آؤ۔ یا وہیں بس جاؤ۔ 

21 ستمبر 2023

ناردن لائٹس

اس ہفتہ میں ساؤتھ ڈکوٹا میں بلیک ہلز کی ٹریلز پر سفر کر رہا تھا۔۔ بلیک ہلز نیشنل فارسٹ بہت سی وادیوں میدانی قطعوں، باغوں، ندیوں اور جھیلوں پر مشتمل ہے ۔ اسکا نام لکوٹا زبان میں پاہا ساپا سے اخذ کیا گیا ہے۔  یعنی پہاڑ جو سیاہ ہیں۔ بیشتر پائن کے درختوں سے ڈھکی یہ پہاڑیاں، اردگرد کی ہریالی سے جب کئی ہزار فٹ اوپر اٹھتی ہیں تو دور سے سیاہ ہی نظر آتی ہیں۔  کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس حسن کا اصل جادو اس کی پتھریلی تشکیل اور ناقابل یقین جنگلی حیات اور سحر انگیز جنگلی درختوں میں مضمر ہے۔ مگر روح میں اترنے والے اثر کو سمجھنے کے لیے تمہیں یہاں خود آنا پڑے گا۔ اور ممکن ہو تو یہ سفر خزاں میں کرو۔

16 ستمبر 2023

خوشی کے تعاقب کا وبائی مرض ۴


پھر یہ ہوا کہ عوام الناس کے لیے سو ڈیڑھ سو سال سے خوشی دولت کے حصول اور ریل پیل کے ساتھ ہی منسلک ہوکر رہ گئی۔ دولت زندگی کی آسائشوں کے حصول میں مددگار ہے ۔ آسائشیں تن آسانی اور لطف اندوزی کے لیے وقت مہیا کرتی ہیں۔ دولت معاشرے میں طاقت، اثر رسوخ، قبولیت، مقبولیت وغیرہ کی سہل فراہمی ممکن بناتی ہے۔ اور انسان پچھلی چند صدیوں میں باہمی استحصال، قتل و غارت اور سفاکیت میں تاریخ کے ایک بدترین دور سے گزرے ہیں۔ ان کا اپنی انسانی عظمت، روحانی و معاشرتی اقدار پر سے اعتبار شائد اٹھنا ہی تھا۔ تاہم اپنی جنیاتی بنت کی وجہ سے کسی نیوکلیس، کسی مرکزی خیال کے گرد پھیرے ڈالتے رہنا انسان کی مجبوری ہے۔ مادیت سے وابستہ خوشی بہت روز تک ایک نیا مرکز رہا۔ غم عشق گر نہ ہوا غم روزگار ہوا۔ 

15 ستمبر 2023

خوشی کے تعاقب کا وبائی مرض ۳


ویسے تو خوشیوں کے تعاقب کا فلسفہ نوعِ انسانی کے لیے نیانہیں ہے۔ ھیڈونزم کا اخلاقی مفروضہ کہتا ہے کہ انسانی زندگی کا اصل مقصد کامل خوشی کا حصول ہے، خواہشات کی بے تکان تکمیل، لذت پرستی۔ نراوان کی خواہش ۔ زندگی کا مزہ صرف میٹھے میں دیکھنا۔ ہر قسم کی منشیات ۔ اسی مفروضے کی اشکال ہیں۔ اور انسان مختلف ادوار میں مختلف طریقوں سے مصروف بھی رہا ہے۔۔

14 ستمبر 2023

خوشی کے تعاقب کا وبائی مرض ۲


ایک فرضی مکالمہ۔
۔

مگر یہ کیا لکھا ہے؟ 

لائف لبرٹی اور پرسیوٹ آف ہیپی نیس 

زندگی اور آزادی۔۔ ایک ہی بات تھی بہرحال چلو ۔لیکن ہیپی نیس؟ 

یہ وہ چیزیں ہیں جن کو اگلی نسلیں اپنی زندگی میں دیکھنا چاہتی ہیں وہ جبری قوتوں کے پنجے سے نجات چاہتے ہیں۔ ہر جگہ لوگ اپنے حق کے لیے اٹھ رہے ہیں۔ 

13 ستمبر 2023

خوشی کے تعاقب کا وبائی مرض

کبھی کبھی ہم اتنے خوش ہوجاتے ہیں کہ ہم محسوس کرنے لگتے ہیں کیا اتنی خوشی ممکن بھی ہے؟  کیا اتنی خوشی جائز ہے؟ کیا اس سے زیادہ خوش ہونا ممکن ہے؟ کیا خوشی کی کوئی حد بھی ہے ؟ کیا یہ کچھ روز ہمارے ساتھ ٹہرے گی؟ کیا ہم اس کے حقدار ہیں بھی ہیں یا ہمارا کوئی تکہ لگ گیا ہے۔ یہ تمام باتیں اپنی جگہ صحیح۔ لیکن خوشی ایک جذباتی کیفیت ہی تو ہے اور بجا کہ اس کا کوئی پیمانہ نہیں ، اس کی حد بندی کرنا ممکن نہیں ہے۔ لیکن اپنی ہالف لائف سے آگے جانا اس کے لیے کیسے ممکن ہوسکتا ہے؟ 

امیریکہ : اعلان آزادی

امیریکہ : اعلان آزادی ٹرانسکرپٹ سے اقتباس 
کانگریس، 4 جولائی 1776

تیرہ ریاست ہائے متحدہ امیریکہ کا متفقہ اعلامیہ، جب انسانی واقعات کے دوران، ایک گروہ کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ ان سیاسی تعلقات کو تحلیل کر دیں جنہوں نے انہیں دوسرے سے جوڑ رکھا تھا ہے، اور زمین کی طاقتوں کے درمیان اپنا ایک الگ اور مساوی مقام اختیار کریں جس کا قانون فطرت اور فطرت کے مالک نے انہیں حق دیا ہے، بنی نوع انسان کی آراء کے احترام کا تقاضا ہے کہ وہ ان اسباب کا اعلان کریں جو یہ علیحدگی اختیار کرنے کا باعث

11 ستمبر 2023

شناخت؟ رفتہ رفتہ مٹی ہے

شناخت؟ رفتہ رفتہ مٹی ہے 
میں اپنی پوری ایمانداری سے مانتی ہوں 
وہ نہیں جانتے تھے۔ سب بتدریج شروع ہوا تھا 
حلفیہ سب ہی سچ بولتے ہیں تو جھوٹ نے آہستگی سے 
ابتدائی درجوں کی کتاب کی باہر کی دنیا میں سر اٹھایا تھا

10 ستمبر 2023

تنقید کا تحفہ

کچھ سوشل میڈیا ایپ اپنے فوٹو فلٹر کے ساتھ آتی ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ فون فوٹو ایپ ہی سے تصاویر کو فلٹر اور ایڈٹ کر لیتے ہیں۔ اگر بہت ہی زیادہ شوق ہو تو یورکیم یا فن کیم وغیرہ۔ اصل مقصد یہ ہوتا کہ تصویر سے غیر ضروری حصے نکال کر اس کو بہترین طریقے سے پیش کیا جائے تاکہ زیادہ پسندیدہ ہو۔ میں سوچتی ہوں گفتگو کا بھی ایک فلٹر ہونا چاہیے جو باتوں سے غیر ضروری فقرے حذف کردے اور صرف پسندیدہ حصے باقی رہ جائیں۔ 

08 ستمبر 2023

غیروں کی، اپنوں کی باتیں

(لوگ کیا کہیں گے ۳)

لوگوں کی رائے کی کئی اقسام ہو سکتی ہیں۔ جیسے عوام کی رائے، قانون کی رائے، ماہرین کی رائے ۔غیروں کی رائے۔ اپنوں کی رائے ۔ ذہنی طور پر ہم قانون اور ماہرین وغیرہ کی رائے کو ماننے میں زیادہ پس و پیش نہیں کرتے کیونکہ سب ہی مان رہے ہوتے ہیں اور نہ ماننے کے نتائج و عواقب بھی پیش نظر ہوتے ہیں۔لیکن ہمارے اپنے (جیسے گھر خاندان والے دوست احباب) اور غیر (جیسے اگلے محلے والے دفتر و کاروبار والے، دوسرے جاننے والے، کزن کا سسرال) جب کوئی رائے دیتے ہیں تو اس کی اہمیت ہمارے دماغ میں مختلف طریقے سے رجسٹر ہوتی ہے۔ 

07 ستمبر 2023

لوگ کیا کہیں گے ۲

کچھ لوگ اپنے تصورات  یا اپنے ڈراؤنے خوابوں میں اب بھی لوگوں کو دروازوں کی آڑ میں کھڑے ہو تاکنے۔ آنکھوں آنکھوں میں اشاروں سے یا سرگوشیوں میں اپنے بارے میں باتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ بظاہر ان کے تصورات کا سوفٹویئر اپڈیٹ ہوئے کافی روز ہو چکے ہیں۔ اتنے مصروف دور میں کس کے پاس یہ سب کرنے کا وقت ہوتا ہے؟ 

06 ستمبر 2023

لوگ کیا کہیں گے ۔۱


لوگ کیا کہیں گے جاننے کا مجھے ہمیشہ سے شوق رہا ہے۔ اسی لیے جب بھی میں سنتی ہوں لوگ کیا کہیں گے تو میں پوری کوشش کرتی ہوں کہ اس کی کچھ تفصیلات حاصل کرسکوں لیکن مجھے بال کی کھال اتارنے کا الزام دے کر اکثر لوگ چپ کرادیتے ہیں۔ ورنہ ایک سخت سی نظر مجھ پر ڈال کر کہتے ہیں کیسا احمقانہ سوال ہے۔ آپ کو خود نہیں معلوم کیا؟ مجھے معلوم تو نہیں لیکن میں لوگوں کی طرف سے کچھ نہ کچھ اچھا برا سوچ کر خود کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہوں۔ اور یہی لوگوں کی باتوں کے خوف کا پہلا مسئلہ ہے۔

05 ستمبر 2023

ہتھیلی پر سرسوں


ہم سب کی ایک عدد رشتہ دار یا آنٹی ایسی ہوتی ہیں گی جن کے پاس ہر مشکل کا ایک آزمودہ وظیفہ ہوتا ہے۔ دلیل کے طور پر ایک متاثر کن کہانی بھی۔ وہ مصر ہیں کہ میں ادھر ادھر کی باتیں نہیں کرتی ۔اور ویسے بھی یہ قرانی دعائیں ہیں۔ اللہ کے نبیوں نے مانگی ہوئی ہیں۔ رب انی ۔ بس ایک دفعہ شروع کرو ۔ تہجد یا فجر سے پہلے ،عصر یامغرب کے بعد وغیرہ ۔ ابھی چالیس دن نہیں گزریں گے کہ کام جو بھی ہو۔۔ بس نیت نیک ہونی چاہیے۔ اور ہم سب ہی عقیدت میں قریبا ان کے ہاتھوں کو چومنے والے ہو جاتے ہیں۔ اور اکیس روز میں نئے آپ، نئی زندگی ۔ کے فارمولے بیچنے والوں کے لیے بھی ہمارے کچھ ایسے ہی جذبات ہوتے ہیں۔

04 ستمبر 2023

یوتھ مینٹل ہیلتھ

 

مختلف ادارے آسٹریلیا اور یورپ کے بعد امیریکہ میں بھی مینٹل ہیلتھ فرسٹ ایڈ کو ایک اہم ریسورس قرار دیتے ہیں۔ خصوصا جن اداروں کا تعلق براہ راست کمیونٹی ڈیویلپمنٹ یا ٹین ایجرز یا نوجوانوں سے بنتا ہے کسی نہ کسی طور ضرور اپنے کارندوں کو یہ تربیت دینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔کئی لوگ اسے فرسٹ ایڈ کا ایک حصہ قرار دینا چاہتے ہیں۔ کیونکہ اب نوعمر اور کمسن بچوں میں نفسیاتی مسائل کے رجحانات بہت تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں۔ نیشنل ہیلتھ کے ڈیٹا کے تحت ہر پانچ میں ایک نوعمر یا نوجوان کسی نہ کسی دماغی صحت کے مسئلے کا شکار ہے۔ دماغی مسائل اور اوورڈوز ٹین ایجر اموات کی ایک بڑی وجہ ہے۔

03 ستمبر 2023

بیٹھے رہیں

کمفرٹ زون کا اصل مفہوم تو راحت کدہ بنتا ہے لیکن وہ ایک ادارے کا نام ہے پھر آرام کدہ سوجھا وہ بھی ایک ادارے سے متعلق ہے۔ کل گوگل نے اس کو ذہنی آسائش کا دائرہ کہا تھا لیکن چونکہ آسائش بھی فارسی کا لفظ ہے تو کدہ کے ساتھ اس کا مرکب جائز ہے۔ یہ آسائش کدے  ہماری دماغی طبع اور جسمانی رویوں کی ایسی رہائش گاہیں ہوتی ہیں جہاں ہم خود بھی سکون سے زندگی بسر کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی اس مداخلت سے باز رکھتے ہیں۔ ایسے نہیں کہ وہاں کوئی آ نہیں سکتا ۔ حالات و واقعات اور لوگ اکثر کوشش کرتے ہیں کہ اسے تہ و دوبالا کرتے رہیں۔ لیکن ہمارے بہت سے میکنزم ہوتے ہیں جس سے ہم ان حملوں کو ناکام بناتے رہتے ہیں۔

02 ستمبر 2023

نہ کرنے کے سو بہانے

اکثر ہمارے کچھ بڑے بڑے خواب ہوتے ہیں ہیں۔ جیسے لوگوں میں شعور بڑھ جائے اور وہ انسانوں کی طرح رہنے لگیں۔ ۔ امن و سکون قائم ہو جائے۔ دنیا سے غربت۔ نسلی فسادات ۔احولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوجائے موسمیاتی تبدیلیوں عورتوں کے حقوق۔ باقی سب کے حقوق ۔۔ کو مناسب توجہ ملے وغیرہ۔

31 اگست 2023

معذرت و معافی

ماضی کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ ہماری غلطیوں کے لیے ہائی لائیٹر کا کام کرتا ہے۔ ہم جتنی بھی کوشش کرلیں۔ اپنی غلطی دل میں تو ہمیں ماننی ہی پڑتی ہے کیونکہ ہائی لائیٹ ہو چکی ہوتی ہے۔ لیکن ان غلطیوں کو ہم صرف آج کے نقطۂ نظر سے دیکھتے ہیں اور آج کے دیے ہوئے حالات میں خود کو قصوروار ٹہرا رہے ہوتے ہیں۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ جب ہم نے یہ عمل کیا تھا اس وقت ہمارے حالات کیا تھے ۔ کن مشکلات یا واقعات و ترجیحات کے تحت ہم یہ فیصلہ کرنے پر مجبور تھے

28 اگست 2023

بارشیں


بچپن میں مجھے بارشیں بہت اچھی لگتی تھیں۔ مجھے بارش میں نہانا بہت پسند تھا۔ اس کی ایک وجہ تو میرا بچپنا تھا۔ دوسرا تب سارے اکھٹے تھے تو ایک طرح سے جنگل میں منگل بھی ہوجاتا تھا۔ پھر شائد موسم کا بھی کچھ اثر تھا۔ سخت گرمی میں اچانک اٹھنے والی مٹی بھری ہوا کی مہک، پھر ہواکا ایکدم تیز ہوجانا اور گھنے بادلوں کا دن میں اندھیرا کرنا۔ جلتے ہوئے دن کا ایک پر فضا میں بدل جانا اچھا لگتا تھا۔ بارش سے چیزیں دھل جاتیں اور پودے زیادہ سبز لگنے شروع ہوجاتے۔ ماحول صاف ہوجاتا اور مجھے بارش کے رحمت ہونے احساس اندر تک چھو لیتا۔ 

26 اگست 2023

مجھے کچھ اور کہنا تھا


ایسا کئی مرتبہ ہوتا کہ ہم اپنے پروگرام کو کسی طرح ترتیب دیتے ہیں۔ ہمیں سب پتہ ہوتا ہے کہ ہم اس روز کیا کھائیں گے۔ اور کیا پہنیں گے اور کس سے ملیں گے اور کس سے کیا بات کریں گے۔ لیکن ہمارا دن کسی اور ڈھب سے چڑھتا ہے۔ ہماری ملاقاتیں ہمارے آرگنائزر کی تفصیل کے برعکس کچھ اور لوگوں سے ہو جاتی ہیں۔ ہم اپنی ترجیحات کی فہرست کے برعکس کچھ اور کام شروع کر دیتے ہیں۔ ہم اپنا پکا پکایا کھانا چھوڑ کر کوئی الگ شے کھانا شروع کردیتے ہیں۔ ہم اپنی سوچی سمجھی تحریر کی جگہ کچھ اور لکھنے لگتے ہیں۔ معلوم نہیں ہم کبھی کبھی اپنے سوچے سمجھے سیدھے صاف اور آسان سے پلان کی بجائے اپنی زندگی کو ایسے پیچیدہ کیوں کر لیتے ہیں۔

24 اگست 2023

شک کا فائدہ

ذاتی طور پر شکوک و شبہات کی حوصلہ افزائی کرنے کو ورک آف آرٹ سمجھنا چاہتی ہوں۔ کیونکہ پھر میں کسی شرلاک ہومز کی طرح میں ایک عام سی بات کے نہ نظر آنے والے پہلوؤں کو سوچ کر اور اس میں بہت سی رنگ بازی ڈال کر اور واقعات کو مبالغے کی انتہا تک پہنچا کر میں ایک پوری فرضی کہانی ترتیب دے سکتی ہوں۔ ایک مصنف کے حساب سے یہ میرے فن کے اظہار کا نادر موقع بن سکتا ہے۔ ہے نا؟

23 اگست 2023

کچھ کہیے


کچھ تو کہیے کہ لوگ کہتے ہیں آج غالب غزل سرا نہ ہوا

ویسے تو ایک لکھاری لان میں پھرنے والے خرگوشوں اور چپ منک کی طرح خاموشی سے اپنی خفیہ حرکتوں میں مشغول رہتے ہیں اور ان کی کارروائی کا اس وقت تک علم نہیں ہوتا جب تک وہ راتوں رات آپ کے پودوں کو اچھی طرح اجاڑ نہ دیں۔ نہیں میرا مطلب ہے جب تک ان کی کوئی تحریر کسی اچھی سی شکل میں ٓاپ کےسامنے نہ آجائے ۔لیکن میں لکھاری کی بات نہیں کررہی جس کو ہمیشہ کچھ نہ کچھ کہنا ہوتا ہے خواہ کوئی سنے یا نہ سنے۔ 

ایک چپ سو سکھ

16 اگست 2023

سچ ادھورا ہے ابھی۔ ای بک

Sach Adhura Hai Abhi

سچ اَدُھورا ہے ابھی میری نثری شاعری کا دوسرا مجموعہ تھا۔ اس سے پہلے اس کتاب کے دو تجرباتی ایڈیشن وجود میں آچکے ہیں۔ یہ تیسرا ایڈیشن میں نے ایپل بک کے سسٹم کو سمجھنے کے لیے تیار کیا ہے، شاعری وہی پرانی ہے۔

14 اگست 2023

پرانے افسانے۔ ای بک

 


ایک لکھاری کے طور پر میرا تحریری عمل ہمیشہ ایک سفر کی مانند رہا ہے۔ ایک اجنبی مسافر کی پیادہ پا ریاضت جس میں گو کہ ہم تنہا ہوتے ہیں لیکن راستے کی ہر شے ہم سفر ہوتی ہے۔سب راہ رو۔ سب جاندار، سب نظارے ، احساس، آوازیں اور خیال ۔ یہ سفر آگاہی کے لمحات سے پر ہوتا ہے لیکن سب ہی کچھ گویا کہانی کا پس منظر ہے۔ پیش منظر میں خاموشی ہے۔

29 جولائی 2023

حقیقت

real

 ”انبساط کے تمام لمحوں کا تاثر حواس پر قریبا ایک ہی سا ہوتاہے۔خواہ ان محسوسات کے مخرج الگ الگ ہی ہوں۔ کیا تمہارے سامنے ایک ہی حقیقت چہرے بدل بدل کر آتی ہے۔ یا ہرحقیقت ایک الگ سچائی کی مظہر ہے؟  کیا ہر شے اندر سے ایک جیسی ہے اور باہر سے الگ الگ۔

15 مئی 2023

بلاگ اپڈیٹ


 وہ محاورہ تو آپ نے سنا ہوگا۔ بیکار مباش والا۔ یعنی جب کرنے کو کچھ نہ ہو تو پرانےبلاگ کو دوبارہ سے اڈھیر کر سینا بھی ایک کام ہوتا ہے۔ بس اسی ادھیڑ بن میں بلاگ کچھ دن سے اپڈیٹ ہو رہا تھا۔ لیکن بات وہی ہےانسان کسی حال میں بھی خوش نہیں ہوتا۔ اور اسے ہمیشہ وہ سیٹنگ زیادہ اچھی لگتی ہے جو اس نے بلاگ پر اپلائی نہیں کی ہوتی اور اس ہی وجہ سے آج تک میں نے اس کو سادہ اور بے رنگ رکھا ہوا تھا۔ بہرحال مجھے اپنے توسط سے اس انسانی کمزوری کا بخوبی اندازہ ہے کہ کسی بھی تھیم پر میرا دو مختلف اوقات میں باہم متفق ہونا ناقابل عمل ہے۔ اس لیے اس میں نے اس تکلیف دہ عمل سے بالآخر خود کو آزاد کر ہی لیا۔ یعنی موجودہ شکل کو حتمی اپڈیٹ قرار دے کر  اس قصے کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ امید ہے یہ ختم ہی رہے گا۔ میرا اس کو مزید اپڈیٹ کرنے کا تو ارادہ نہیں ہے لیکن موجودہ شکل کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے۔ اور اس پراسس میں کوئی بروکن لنک نظر سے گزرے تو ضرور آگاہ کریں۔ 

03 اپریل 2023

کام جاري ہے


امکان کی بارگاہ میں 
بے ترتیب ہنگام کا بے توازن رقص
خود شناسائی کی بے کار لے پر ڈولتے
بے مقصد موھوم امیدوں کے پیر
۔عدم کے صحن میں
مستحکم تضادات اور دکھ دیتی ادھورگی 

تکمیل کی داستان بننے کا
فطرت کاایک اپنا ہی طور ہے۔


       

 نظم کے لیے کتاب دیکھیں 

دریچوں میں جگنو

رافعہ خان

21 مارچ 2023

پرانے افسانے

پرانے افسانے

پرانے افسانے ۔ ان چند کہانیوں پرمشتمل ہے جو میں نے کئی سال پہلے اپنے زیادہ تجرباتی تحریری منصوبوں کی ناکامیابیوں کے درمیانی وقفوں کی خاموش مشقوں کے دوران لکھے تھے۔ آن لائن یہ پہلے سے مختلف ویب سائٹ اور ویب میگزین میں شائع ہو چکےہیں ۔ پھر میرے اپنے بلاگ پر یہ وقت کےساتھ دوسری پرانی، وقتی و واقعاتی غیر سنجیدہ تحاریر کے درمیان گم ہو کر ذہن سے محو گئے ۔

17 مارچ 2023

ایک ناکام بحالی


ایک ناکام بحالی
 an unsuccessful resuscitation
 میری شام، مری سحر۔۔
وقت میرے، کہیں اور بہا لے جامجھے

تحریک کی اجنبی لہریں
دل کچھ اور ڈبو رہی ہیں میرا
جل چکی نبضوں کے برقی احیا کی بے سود کوششیں    
اپنے قدموں پر جھکتے، لڑتے خود سے
یہ شائد آخری لڑائی ہے میری

مکمل نظم کے لیے کتاب دیکھیں 

دریچوں میں جگنو

رافعہ خان

14 فروری 2023

ماں کی وراثت


کیا ہم اس کی رجائیت اور مسکراہٹ
اورمحبت اور مروّت
اور صبر اورسخاوت کو
وراثت میں برابر بانٹ سکتے ہیں ؟

  

نظم کے لیے کتاب دیکھیں 

دریچوں میں جگنو

رافعہ خان

14 جنوری 2023

Far, Far Away


In a Galaxy Far, Far Away

 دور کی ایک کہکشاں پر۔۔

کئی نوری سال بعد

ہم پہلے مل چکے ہیں۔

تم اب بھی ستارے بیچتے ہو؟



مکمل نظم کے لیے کتاب دیکھیں 

دریچوں میں جگنو

رافعہ خان

01 جنوری 2023

سچ ادھورا ہے ابھی۔ دوسرا ای بک ایڈیشن

 

سچ ادھورا ہے ابھی  میرا نثری نظم کا دوسرا مجموعہ ہے۔ دوسرا قدم۔ جستجوئے آرزو میں کبھی تو ایک ہی جست میں قصہ تمام ہو جاتا ہے لیکن کبھی انتظار کی، پہچان کی، کوششِ پیہم میں صدیاں بیت جاتی ہیں۔ دوسرا قدم رکھنے کی جگہ ہی نہیں ملتی۔ خیالوں کا قریہ قریہ جھانک لیا جاتا ہے، جذبوں کے سمندر کے سمندر پار ہو جاتے ہیں، لفظوں کا پیمانہ لبریز ہو جاتا ہے، پھر وقت کی گنجائشہی ختم ہو جاتی ہے، دوسرا قدم رکھنے کی جگہ ہی نہیں ملتی۔ ناتمام افسانہ کوئی موڑ دے کر تہ کردیا جاتا ہے۔ میرے ساتھ لیکن نہ پہلا معاملہ ہے نہ دوسرا۔ بلکہ ایک ایسی صورت ہے جہاں ہر اٹھتا قدم ارتقاء کی اک کڑی بن جاتا ہے۔ درجہ بدرجہ مقصود حقیقی کی طرف لے جاتا ہے۔