21 ستمبر 2023

ناردن لائٹس

اس ہفتہ میں ساؤتھ ڈکوٹا میں بلیک ہلز کی ٹریلز پر سفر کر رہا تھا۔۔ بلیک ہلز نیشنل فارسٹ بہت سی وادیوں میدانی قطعوں، باغوں، ندیوں اور جھیلوں پر مشتمل ہے ۔ اسکا نام لکوٹا زبان میں پاہا ساپا سے اخذ کیا گیا ہے۔  یعنی پہاڑ جو سیاہ ہیں۔ بیشتر پائن کے درختوں سے ڈھکی یہ پہاڑیاں، اردگرد کی ہریالی سے جب کئی ہزار فٹ اوپر اٹھتی ہیں تو دور سے سیاہ ہی نظر آتی ہیں۔  کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس حسن کا اصل جادو اس کی پتھریلی تشکیل اور ناقابل یقین جنگلی حیات اور سحر انگیز جنگلی درختوں میں مضمر ہے۔ مگر روح میں اترنے والے اثر کو سمجھنے کے لیے تمہیں یہاں خود آنا پڑے گا۔ اور ممکن ہو تو یہ سفر خزاں میں کرو۔

بلیک ایلک چوٹی پورے جنوبی ڈکوٹا کا سب سے اونچا مقام ہے۔ اور یہی یہاں کا بہترین نظارہ دیکھنے کا سب سے شاندار طریقہ ہے۔ میرے لیے وہ نظارہ رات کے آسمان پر ناردن لائٹس کا رنگین طوفان تھا۔ تم شائد سوچو کہ اتنی خوبصورتی میں انسان شائد خود کو بھی بھول سکتا ہے۔ ممکن ہے وہ وہاں جائے مگر جب لوٹے تو وہ خود ہی اپنے ساتھ نہ ہو۔ لیکن میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔ بہت سے دوسرے لوگ اپنے اپنے طور پر وہاں کے نظاروں کو جذب کر رہے تھے۔ لیکن پھر بھی نہ جانے کیوں آہستہ آہستہ وہاں کی خاموشی ایک گہرے غلاف کی مانند میرے دل پر چڑھنے لگی تھی۔
 
تنہا اور خاموش ٹریکس پر چلتے ہوئے کبھی کبھی میرا جی شدت سے چاہتا ہے کہ لفظ بھی ہندسوں کی طرح ہوتے ۔ تاکہ ہم اپنی باتوں میں لفظوں کی اصل قوت اور شدت و بے تابی ان پر صحیح پاور ٹو ڈال کر ظاہر کر سکتے۔ ان پر انفنٹی سائن ڈال کر لامتناہی جذبات کو بیان کر سکتے۔ ذرا بیان کے نئے پیرائے تصور کرو ۔ہچ ہائیکر کی کہانی کے اسلوب پر سوچو۔ کیسی خوبصورتی اور فطرت کے کس حسن کو میں کس تفصیل سے تمہییں سنا دیتا۔ کیسی انوکھی جگہیں میں تمہیں دکھا دیتا۔ 
 
شائد یہی وہ جادو ہے جس کی بات لوگ کرتے ہیں۔ جو میں ان سیاہ پہاڑیوں کے پاس کھڑے ہوئے خود میں محسوس کررہا ہوں۔۔زندہ و جاوداں چاروں طرف پھیلا ہوا ۔ ایک عجب دیوانگی ہے اور مجھے لگتا ہے میں اس لمحے پوری کائینات کو ایک صحیح لفظ کے لیے تہ و دوبالا کر سکتا ہوں۔ وہ لفظ کیا ہے مجھے نہیں معلوم لیکن جب تک لفظوں کا وجود ہے کیا اس امید کو کوئی ختم کرسکتا ہے؟ ناردن لائیٹس میرے دل میں میرے دوستوں کی یادوں کی۔ خوشیوں کی۔ خوابوں کی ۔رنگوں کی مسکراتی باتوں زندگی سے رچے نغموں کی تصویریں بنا رہی ہیں۔تم یہ سب دیکھ رہے ہو۔محسوس کر رہے ہو نا؟ 

۔۔۔
ہچ ہائیکر کی کہانی

 

کوئی تبصرے نہیں: