24 نومبر 2023

جیوزائیگو ویلی


چینی وادی جیوزائیگو اپنی ناقابل یقین خوبصورتی کی وجہ سے اس دنیا سے ماوورا جگہ محسوس ہوتی ہے۔ ایک ہی وادی میں تمہیں جادوئی جنگلات دلکش ٓابشاریں اور شفاف جھیلیں دکھائی دیں گی۔ آس پاس کے رنگوں اور ساتھ ہی پانی میں مخصوص قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے یہ جھیلیں رنگوں کا ایک مرقع دکھائی دیتی ہیں۔ کئی جگہ پر تہ در تہ بہتی آبشاریں موسم کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کردیتی ہیں۔ مارکیٹنگ کی تصاویر کی وجہ سے یہ ویلی سیاحوں میں کچھ اور بھی مقبول ہو چکی ہے۔  مختلف ٹریلز تین جانب جاتی ہیں جو اپنی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اطراف کے قصبات کو بھی قریب سے دیکھنے میں مددگار ہیں جن میں انسانی تاریخ و تمدن اپنی مختلف شکلوں میں ہماری توجہ جذب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پھر یہاں بہت سے نایاب جانور۔ مختلف قسم کے بندر اور دیوہیکل پانڈا کی کچھ اقسام بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ 

لیکن اگر تمہٰں کچھ تنہائی چاہیے ہو تو تسزا زو کی جانب جاسکتے ہو جہاں ایک بہت قدیم بدھ خانقاہ ہے۔ پاس میں انواع واقسام کے نایاب پودے اور پرسکون جنگل ہیں۔ وادی جیوزائیگو ہمیں فطرت سے محبت میں اور زیادہ مبتلا کر دیتی ہے۔ ہر شے اپنے نظارے پر مجبور کرتی ہے ۔ ان رنگوں پھولوں اور جانوروں کو ہزاروں سیاح روز سراہتے ہیں۔ لیکن کیا نظارے کی کل قسمت یہی ہے۔ یا اس سے آگے بھی کچھ ہے۔ میں اس خاموش روش کے کونے میں کھلے ایک چھوٹے سے پھول سے پوچھتا ہوں کہ وہ کیوں کھلا ہے۔ کیا اس کے لیے اس کونے میں کھل کر مرجھا جانا بہت ہے۔ کیا اس وادی کے بروشر پر چھپی پوری تصویر میں اس کی خاموش شمولیت زندگی بسر کرنے کو کافی ہے۔ یا پھر ہر پھول اور پودے کو فردا فردا اپنی ہستی کی غایت درکار ہے۔ 

میری تمام حسیات اپنی اپنی زبان میں اس خوبصورتی سے بات کرتی ہیں۔ آنکھوں کو تصور اور تصویر سمجھ آتی ہے ۔سماعت کو سر اور ساز بلاتے ہیں۔ زبان پر اس علاقے کے ذائقوں کی مہر ہے۔ ہاتھ لمس کے اشاروں کو پہچانتے ہیں۔ خوشبوئیں قوت شامہ کو گفتگو میں لگا لیتی ہیں۔ ہماری دنیا میں صرف شاعروں اور فطرت ہی کو یہ تمام زبانیں اتنی خوبصورتی سے بولنی آتی ہیں۔ ۔اسی لیے ہچ ہائیکر کے سوالات ان کے لیے اہم نہیں ہیں۔ یہ اہم نہیں ہے کہ کسی نے اس گفتگو کو مکمل سنا یا نہیں۔ کوئی سمجھا یا نہیں۔ ان کی ہستی کی غایت صرف اپنی ذات کے سُچے رنگوں کا اظہار ہے۔ کوئی لمحہ بھر میں پا لیتا ہے۔ کوئی اسے سمجھنے میں عمر لگا دیتا ہےاور کوئی چھٹیاں گزار کر آگے چل دیتا ہے۔


۔

کوئی تبصرے نہیں: