31 دسمبر 2023

کنٹسوگی۔ طریقہ کار


پہلے ہم سارے ٹکڑے چنیں گے
ٹکروں کو صحیح مقام پر دھرنا بہتر رہے گا 
یہاں ہم زخموں میں سنہرا سیال بھرتے ہیں 
اور یہ وہ دل ہے جس پر ہم یہ مشق کریں گے 
مکرر۔ پیہم۔ نہیں کھیل نہیں ہے ریاضت ہے 
ڈرو مت۔ یہ جتنا زیادہ بکھرے گا 
اتنا ہی خوبصورت جڑے گا۔

 

29 دسمبر 2023

برفباری

برفباری شروع نہیں ہوئی 
لیکن آسمان دیکھ کر لگ رہا ہے 
بے داغ سفیدی جلد ہی گزرے دنوں کی 
کوتاہیوں کو اپنی بے غرض سخاوت میں چھپا لے گی 

28 دسمبر 2023

آپکا ووٹ۔ آپکی مرضی

دو ہزار چوبیس کو الیکشن کا عالمی سال قرار دیا جاسکتا ہے۔ دنیا کی آبادی کا انچاس فیصد حصہ ان انتخابات کا حصہ ہوگا۔ پاکستان، امیریکہ اور یورپی یونین کے علاوہ باسٹھ دوسرے ممالک جمہوریت کی کسی نہ کسی شکل کی اقامت میں مصروف ہونگے۔ اور اس دوران لوگ سیاسی دھاندلیوں،حادثاتی اموات، محلاتی سازشوں، بدیسی ہاتھوں اور انتخابی جمہوریت کی دیگر بدصورتیوں کو سہتے ایک طویل سال کے اختتام پر سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں انسانی معاشرے کی تنظیم کا کوئی بہتر طریقہ اب تک کیوں میسر نہیں آیا۔ 

27 دسمبر 2023

غالب۔ میں نہ اچھا ہوا برا نہ ہوا

درد منت کشِ دوا نہ ہوا
میں نہ اچھا ہوا بُرا نہ ہوا
جمع کرتے ہو کیوں رقیبوں کو
اک تماشا ہوا گِلانہ ہوا
ہم کہاں قسمت آزمانے جائیں 
تو ہی جب خنجر آزما نہ ہوا

چلو الوداع کہتے ہیں دسمبرکو



چلو الوداع کہتے ہیں دسمبر کو

تمنا سے تہی اونگھتے دنوں کو

آؤ اپنے اپنے بچھڑے ہوؤں کی یادوں کو

 جلتی کشتیوں پر رکھ کر سمندر میں بہاتے ہیں

آؤ خواہشوں کی تربت پر اگتی نئی کونپلوں کو 

آنسوؤں سے آبیار کرتے ہیں

خوابوں کی خاک سے چہرہ پونچھو۔  پھر سجدہ شوق میں

 سر رکھتے ہیں کچھ دیر تک۔ مانگتے ہیں آرزو کی زندگی کی دعا

خاموش دریچوں اور دروں پر بے اعتنائی کی کاہی جم چلی ہے

پرانے راستے پر مکڑیوں کے دھاگوں کی 

نازک کڑھائیاں پھیلی ہوئی ہیں

اور میں لفظوں کے ریشم میں الجھ چکی ہوں

 

24 دسمبر 2023

قطب نما

دسمبر کی آخری راتیں شائد سفر نصیب ہیں 
اور ہم نے بے پتوار کشتی منتخب کی ہے 

21 دسمبر 2023

بڑا بدمعاش

دوہزارچودہ میں امیریکہ میں سی ڈی سی اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پہلی مرتبہ بلی انگ کو سرکاری طور پر ایسے ڈیفائن کیا تھا:
bullying
 ایک ایسا جارحانہ رویہ۔ جس میں طاقت کا عدم توازن واضح طور پر پایا جائے۔ اسے مخالف کو نقصان پہنچانے کی نیت سے مسلسل دوہرایا جائے۔ یہ جسمانی، نفسیاتی، سماجی، اور تعلیمی نقصان پر مشتمل ہو سکتا ہے ۔ سی ڈی سی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بارہ سے اٹھارہ سال کے درمیان بیس فیصد طالب علم اس کا شکار ہیں۔

14 دسمبر 2023

فانجنگ شان



وولنگ پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی فانجنگ شان جو نیو گولڈن سمٹ بھی کہلاتی ہےسطح سمندر سے تئیس ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اچھے موسم آنے والے اکثر سیاح اتفاق کرتے ہیں کہ دنیا میں اس سے بہتر نظارہ نہیں ہے۔ چوٹی تک پہنچنے کا راستہ تین چار حصوں پر مشتمل ہے جن میں ابتدائی حصہ بس کے ذریعے طے ہوتا ہے اور اس کے بعد کیبل کار یا پیدل ٹریلز ہیں۔ جو عرف عام میں مشہور مشروم چٹان تک لے جاتی ہیں۔ یہ قدرتی طور پر بنی غیر معمولی چٹانی اشکال ہیں جو صدیوں سے اسی ہئیت میں ایستادہ ہیں۔ 

13 دسمبر 2023

پرانی کہانی

آج کچھ بھی نیا نہیں ہے
گو میں نے خود لکھی ہے یہ کہانی 
لیکن بیانیہ میرا نہیں ہے

06 دسمبر 2023

سوچیں

سوچیں گدھ بن گئی ہیں
اس جہاں فانی سے گزر چکے لمحوں کی 
نہ دفنائی ہوئی لاشوں پر دائروں میں منڈلاتی رہتی ہیں