28 نومبر 2023
26 نومبر 2023
ہالیکالا نیشنل پارک
ہالیکالا نیشنل پارک ماوئی کی بلند ترین چوٹی ہے جو سطح سمندر سے قریبا دس ہزار فٹ بلند ہے۔ طلوع آفتاب یہاں کا سب سے خوبصورت نظارہ ہونے کی وجہ سے تم کہ "سورج کا گھر" نامی یہ چوٹی اسم بامسمیٰ ہے۔ لیکن اکثر سیاح اس سفر کو محض سویرے کے دھانی بنفشی رنگوں کی خوبصورتی کی توقع سے وابستہ کرنے کی غلطی کرتے ہیں۔ کیونکہ خوبصورت دھوپ سے مرصع جزیرے کی وادی ہالیکالا کی ڈھلوانوں پر چڑھتے ہوئے درجہ حرارت بتدریج یوں گرتا ہے کہ بالائی سطح تمہارا واسطہ عموما یخ بستہ ہواؤں اور بادلوں کے بگولے سے پڑتا ہے۔ ویسے بھی نظارے کی بکنگ کے وقت موسم کی صحیح پیشین گوئی ممکن نہیں ہے۔
24 نومبر 2023
جیوزائیگو ویلی
چینی وادی جیوزائیگو اپنی ناقابل یقین خوبصورتی کی وجہ سے اس دنیا سے ماوورا جگہ محسوس ہوتی ہے۔ ایک ہی وادی میں تمہیں جادوئی جنگلات دلکش ٓابشاریں اور شفاف جھیلیں دکھائی دیں گی۔ آس پاس کے رنگوں اور ساتھ ہی پانی میں مخصوص قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے یہ جھیلیں رنگوں کا ایک مرقع دکھائی دیتی ہیں۔ کئی جگہ پر تہ در تہ بہتی آبشاریں موسم کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کردیتی ہیں۔ مارکیٹنگ کی تصاویر کی وجہ سے یہ ویلی سیاحوں میں کچھ اور بھی مقبول ہو چکی ہے۔ مختلف ٹریلز تین جانب جاتی ہیں جو اپنی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اطراف کے قصبات کو بھی قریب سے دیکھنے میں مددگار ہیں جن میں انسانی تاریخ و تمدن اپنی مختلف شکلوں میں ہماری توجہ جذب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پھر یہاں بہت سے نایاب جانور۔ مختلف قسم کے بندر اور دیوہیکل پانڈا کی کچھ اقسام بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
19 نومبر 2023
مشترکہ دشمن
مشہور مقولہ ہے کسی بھی گروہ کو منظم کرنے کے لیے مشترکہ دشمن سب سے زیادہ کارآمد ہے۔ ہمارے ہاں اسےعموما بیرونی ہاتھ کا نام دیا جاتا ہے۔ اصل میں نیشن سٹیٹس کے ساتھ مسئلہ یہی ہے اپنے اپنے کنوؤں کی عالیشانگی کے لیے ایک عدد بیرونی ہاتھ پیدا کرنا ہی پڑتا ہے۔ کیونکہ بیرونی ہاتھ کی غیر موجودگی میں ریاست کااتحاد پارہ پارہ ہونے لگتا ہے۔ لوگوں میں عمل کی ڈرائیو کم ہو جاتی ہے، ان کے حوصلے کمزور پڑنے لگتے ہیں اور ترجیحات بدلنے لگتی ہیں۔ وہ بیرونی ہاتھوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔ ایک وشیس سرکل ہے ۔،
17 نومبر 2023
گم شدہ
میں گم شدہ ہوں اپنے شہر میں جو کہ سوچیں ہیں
تم روز مجھے گلی کوچوں سے ڈھونڈ لاتے ہو
نہلا دھلا کر صاف کپڑے پہنا کر ساتھ بٹھا کر کھانا کھلا کر
مجھے بتانے کی سرتوڑ کوشش کر تے ہو
احساس
معلوم نہیں میرے احساسات شدت پسند کیوں نہیں ہیں
ورنہ کب کے درد کے بے تکے ہنگام سے تنگ آکر خود کو مار دیتے
سبھی ساکت رہیں گے
یوں جیسے کسی تہ خانے میں بہت سے بے گھر
سانجھے تکیوں پر سر ٹکائے گہری نیند سو رہے ہوں
کیلنڈر
محبت میں یوں تو بس دو ہی موسم ہوتے ہیں
ایک طویل ہجر اور انتظار کا موسم
ایک مختصر سا وصال کا موسم
تیسرا کوئی موسم محبت کے کیلنڈر میں نہیں ہوتا
ٹریننگ
تمہاری آنکھین چمکنا شروع ہوگئی ہیں
اور تمہارے لب مسکرانا سیکھ گئے ہیں
چلو تمہں بہت دور کسی گم شدہ جزیرے پرچھوڑ آئیں
دیکھنا ہے کہ تم گھر واپسی کا راستہ
تلاش کرنا سیکھی ہو یا نہیں
یہ آخری مگر بہت اہم سبق ہے۔
16 نومبر 2023
مونٹیورڈے کلاؤڈ فاریسٹ
بادلوں کا جنگل یا ابر ٓلود جنگلات کل دنیا کے جنگلات کا تقریباً ایک فیصد کا احاطہ کرتے ہیں۔ بہت سے ملکوں میں یہ نایاب جنگلات ٹروپیکل یا اس کی ذیلی فضا میں پائے جاتے ہیں جس کی وجہ دھند کا بادلوں کی شکل میں جنگل کے اوپری حصہ میں منڈلاناہے۔ گھنے سبزے کی وجہ جب سورج کی حدت صرف بالائی حد تک ہی رہتی ہے جو بخارات کو بھی سست رفتار بناتی ہے۔ ٹروپیکل جنگلات میں یہی دیرپا نمی اور خوشگوار درجہ حرارت دوسرے فطری عوامل کے ساتھ ملکر ان مقامات کے منفرد اور خوبصورت حیاتیاتی تنوع کا بھی باعث ہے۔ گہری اتری دھند، گھنے جھنڈ، اور نایاب پرندوں کی پراسرار آواز۔
13 نومبر 2023
شائد
کہرے میں تاروں سے لمبی باتیں
دھندلے سویرے سے یہ ملاقاتیں
بن بات مسگراتے رہنا
یونہی بے سرا گنگناتے رہنا
سب کو لگتا ہے مجھ کو شائد
دسمبر کی تنہا رت خوش آگئی ہے