28 فروری 2024

کیا چیونٹی حلال ہے؟


میں نے تو صرف یہ ہی پوچھا تھا کہ کیا چیونٹی حلال ہے۔ یار لوگ بے قابو ہوگئے۔


کیا واقعی ؟۔ 


ارے بھئی مجھےکیا معلوم۔ ان کے پاؤں دیکھ کر ہی کچھ معلوم ہو سکتا ہے۔ لیکن بات نکلی تو پھر بہت دور نکل گئی۔ 
۔
کسی نےپوچھا۔ کیا ووٹ دینا حلال ہے ؟۔ 


اور ووٹ کے تو پیر بھی نہیں ہوتے۔ ووٹ کو شاہین ہونے کی دعوت دیتےہوئے میں نےاس کو نئے بال و پر پیدا کرنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ نو آموز ووٹ ہے۔ ہمت ہار گیا۔ میں نے کہا اپنےپچھلوں کو دیکھو ۔ نہ وہ بدلے ۔نہ امیدوار بدلے۔ نہ دل کی آرزو بدلی۔ نہ رنگ گلستان بدلا۔ سالہا سال گزر چکے ہیں۔وہی نااہلی و نادہندگی و امارت وجہالت و بے پیندگی ہے۔ ووٹ دیتے دیتے انگلیاں تو فگار ہو گئی ہوں گی ۔خامہ خونچکاں۔۔ مگر آج بھی اسی تندہی سے جمہوری ٹوپی سے ایک نئے چمتکار کی خواہش میں قطاریں بنائے کھڑےہیں ۔ کون لوگ ہیں یہ یار۔


کسی نے چمک کر پوچھا۔ تو جمہوریت حلال ہوتی ہے،؟ 


دیکھیں فتوے تو بہت متنوع وُ متنازعہ اور مشکل ہیں لیکن بات انسان کو سیدھی اور آسان کرنی چاہیے ۔ جمہوریت اگر اسلامی جمہوریہ میں ہےتو حلال ورنہ تو شائد مکروہ ہے۔ اور اسمبلی کے حلال ہونے کے لیے دیکھنا پڑے گا کہ اسنے جمہوریت کی زکواۃ نکالی ہے یا نہیں۔اڑھائی فیصد سیٹیں بحقدار رسید نہ ہونے پر جمہوریت کا بڑا صدقہ نکالناپڑ سکتا ہے۔


جمہوریت کےمکروہات پر ابھی بات شروع ہی تھی کہ کسی نے جمہوری حکمران کے حلال ہونے پر سوال اٹھا دیا۔ ارےبھئی یہ کچھ ایسا ہے کہ چھری تلے آ جائے تو حلال ہو جاتا ہے ورنہ بے موت بھی مر جاتا ہے سپاہی ۔ ماشل لاء تومعلوم نہیں حلال ہے یا نہیں مگر بہتر یہی رہتا ہے کہ ریفرینڈم کروا کر قوم کا امیر بننے کی کوشش کرے ۔ کون جانےکوئی کب کسی کو جہنم کی سگ باشی کا طعنہ دے دے۔ گو لوگ اس پر بھی کہیں گے سگ باش برادر سگ مباش ۔ یایہ کہ سگ اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا وغیرہ۔ 


اب وہ پوچھتے ہیں کیا ناموری حلال ہے؟ یعنی وائرل ٹرینڈز( ٹک ٹاک اور بٹ کوائن کا بھی بتائیں ۔)


میں نے بھی کہ دیا بس آپ خود دو ملاوں میں مرغی نہ قرار پا جائیں باقی سب بعد کی باتیں ہیں۔ کچھ لوگ تو پڑھنالکھنا نہیں جانتے۔عربی رسم الخط کو اردو رسم الخط میں غلط ملط کر دیتے ہیں ۔ اردو گویاان کے گھر کے باندی ہے۔اسی لیے ابھی تک بہت سے لوگ اسلام اور اردو والے اسلام میں کنفیوز ہیں۔ کچھ پوچھتے ہیں یہ حلوہ لکھا یاجلوہ؟؟ گویا جانتے نہیں کہ یہ حلوے کا سیزن ہے۔ ایسےکنفیوز دیسیوں سے اللہ بچائے۔ یا پھر مارشل لہ ۔۔


نہیں مگر کیا علما کی عسکری قوت کے ہاتھوں پر بیعت حلال ہے ؟


دیکھیں بات کو مشکل نہ کریں طاقت کے توازن کو سمجھین خود کو بلاوجہ ہلاکت میں نہ ڈالیں موت سے کچھدیرپہلے تو سبھی کچھ حلال ہوتا ہے ۔ تو ہاتھ کیا اور بوٹ کیا۔ گدھا کیا اور گھوڑا کیا۔ اور پھرآئین کی پاسداریب ھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ اب محفل کا درجہ حرارت ہجوم کے درجہ حرارت کا سا ہو گیا۔ 


تو پھر تو آپ کہیں گی آئین بھی حلال ہے۔۔؟


دیکھیں اگر وہ تعزیرات سے وجود میں آیا ہے۔ ہمارے دیسی اسلام پر پورا اترتا ہے تہتر میں مزید رجوع کر چکا ہےتو حلال کیااسے تو مقدس بھی ہونا چاہیے، چمکیلی جلد والا۔ زرق برق ۔غلافی۔ ویسے آپ نے کبھی نہیں نوٹ کی عقیدت کی بیتاب لپک جب کوئی آئین کا ذکر کرتا ہے؟


واہ واہ مکرر۔ تو کیا آئین پہ حلف لیناحلال ہے؟ 


حلف کا تو مجھے نہیں پتا لیکن مجھے نمک حلالی کا اندازہ ہے۔ ویسے سپریم کورٹ کو کیا سوجھی یہ اچانک اصل کتاب سے قانون اخذ کرنے کی۔۔ کیا یہ اقلیتوں کا مسئلہ ہے یا قانون کا یا پھر بیرونی ایجنڈا ہے؟؟ 


کیاایسی کورٹ حلال ہے جس میں انصاف خال خال ، یا بوجوہ مآل۔ بیشر بےحال رہتا ہے؟ 


دیکھیں۔ میں تو اس حق میں ہوں کہ اس ذہنی بیداری کو ایک نئی روایت کی بنا رکھنے کا اشارہ سمجھیں اور دوسرےحلال حرام کے مسئلے بھی حل کروا لیں۔ پھرنہ کہنا خبر نہُ ہوئی۔ 


لیکن پتہ کیسے لگے گا کون سے کام حلال کروانے ہیں اور کون سے حرام؟


دیکھیں کتابیں تو آپکو خود پرھنی پڑیں گی میں ایسی کتابوں کے خلاصے نہیں لکھ سکتی جن سے میں خود نابلدہوں ۔ ویسے میں کوئی مفتی تو ہوں نہیں لیکن کھرا دیکھ کر مجھے اتنا ہی سمجھ آیا ہے کہ حکمران سے سوال حلال ہے کیونکہ وہ ریاست کا رکھوالا ہوتاہے اور اپنی انکم کے ذرائع تو اس کو خود اچھی طرح معلوم ہوتے ہیں ۔ تبھی حلال کی خواہش میں اس کو کبھی ٹوپیاں بھی بننی پڑ جاتی ہیں۔ اقامہ لینا پڑ سکتا ہے ، علیحدہ بزنس کرنا پڑ سکتا ہے۔۔کون جانے کسی نے کہا ہو اس گھر میں کک بیکس کی روٹی نہیں پکے گی۔


ہاہ بس اسی لیے تو۔ ہم پہلے ہی کہتے تھے وہ سب سے الگ اور مختلف ہے اسی لیے قوم نے ووٹ دیتے یا نہ دیتے ہوئےیک زبان ہو کر اپنا مینڈیٹ ریکارڈ کروایا ہے ۔۔ہم تو سمجھتے ہیں عمران ہی ہمارا وزیراعظم ہے۔ یا صدر ہے؟ یا امیر ؟؟۔ جو بھی ہے۔ ہمیں تو وہ جو کہے گا ہم وہی کریں گے۔


(آہ۔پہلے بھی کہیں دیکھے ہیں ایسے خواب گزیدہ لوگ۔ ایسے دل کو نہ جلا اے میرے اچھے ووٹر۔ ایک لمحے کو ٹہر میں تجھےگیم کارڈ لوڈ کرا دوں ! ) اچھااچھا ٹھیک ہے۔ لیکن بوجوہ ۔ اعلی حضرات کو وہ کچھ پسند نہیں ۔ دھیان رکھنا بڑی عید پر۔ ۔ ۔ 


ہیں؟ چئیر مین پی ٹی آئی حلال ہے؟

کوئی تبصرے نہیں: