31 دسمبر 2023

کنٹسوگی۔ طریقہ کار


پہلے ہم سارے ٹکڑے چنیں گے
ٹکروں کو صحیح مقام پر دھرنا بہتر رہے گا 
یہاں ہم زخموں میں سنہرا سیال بھرتے ہیں 
اور یہ وہ دل ہے جس پر ہم یہ مشق کریں گے 
مکرر۔ پیہم۔ نہیں کھیل نہیں ہے ریاضت ہے 
ڈرو مت۔ یہ جتنا زیادہ بکھرے گا 
اتنا ہی خوبصورت جڑے گا۔

 

29 دسمبر 2023

برفباری

برفباری شروع نہیں ہوئی 
لیکن آسمان دیکھ کر لگ رہا ہے 
بے داغ سفیدی جلد ہی گزرے دنوں کی 
کوتاہیوں کو اپنی بے غرض سخاوت میں چھپا لے گی 

28 دسمبر 2023

آپکا ووٹ۔ آپکی مرضی

دو ہزار چوبیس کو الیکشن کا عالمی سال قرار دیا جاسکتا ہے۔ دنیا کی آبادی کا انچاس فیصد حصہ ان انتخابات کا حصہ ہوگا۔ پاکستان، امیریکہ اور یورپی یونین کے علاوہ باسٹھ دوسرے ممالک جمہوریت کی کسی نہ کسی شکل کی اقامت میں مصروف ہونگے۔ اور اس دوران لوگ سیاسی دھاندلیوں،حادثاتی اموات، محلاتی سازشوں، بدیسی ہاتھوں اور انتخابی جمہوریت کی دیگر بدصورتیوں کو سہتے ایک طویل سال کے اختتام پر سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں انسانی معاشرے کی تنظیم کا کوئی بہتر طریقہ اب تک کیوں میسر نہیں آیا۔ 

27 دسمبر 2023

غالب۔ میں نہ اچھا ہوا برا نہ ہوا

درد منت کشِ دوا نہ ہوا
میں نہ اچھا ہوا بُرا نہ ہوا
جمع کرتے ہو کیوں رقیبوں کو
اک تماشا ہوا گِلانہ ہوا
ہم کہاں قسمت آزمانے جائیں 
تو ہی جب خنجر آزما نہ ہوا

چلو الوداع کہتے ہیں دسمبرکو



چلو الوداع کہتے ہیں دسمبر کو

تمنا سے تہی اونگھتے دنوں کو

آؤ اپنے اپنے بچھڑے ہوؤں کی یادوں کو

 جلتی کشتیوں پر رکھ کر سمندر میں بہاتے ہیں

آؤ خواہشوں کی تربت پر اگتی نئی کونپلوں کو 

آنسوؤں سے آبیار کرتے ہیں

خوابوں کی خاک سے چہرہ پونچھو۔  پھر سجدہ شوق میں

 سر رکھتے ہیں کچھ دیر تک۔ مانگتے ہیں آرزو کی زندگی کی دعا

خاموش دریچوں اور دروں پر بے اعتنائی کی کاہی جم چلی ہے

پرانے راستے پر مکڑیوں کے دھاگوں کی 

نازک کڑھائیاں پھیلی ہوئی ہیں

اور میں لفظوں کے ریشم میں الجھ چکی ہوں